|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2018

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے تین امیدواروں نے کاغذات نا مزدگی جمع کروائے ہیں جنہیں منظور کرلیا گیا ہے ۔

قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر چیمبر میں نئے قائد ایوان کے لئے نامزد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئی کہی ۔

انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب آج اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ،قائد ایوان کے لئے کاغذات نا مزدگی صبح 9بجے سے سہ پہر تین بجے تک وصول کرنے تھے تاہم اس میں دو گھنٹے کی توسیع کی گئی ۔

اس دوران ارکان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو ،عبدالرحیم زیارت وال اور سید لیاقت آغا نے کاغذات نا مزدگی جمع کرائے جن پر کسی نے اعتراض داخل نہیں کیا اس لئے تینوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں قائد ایوان کے لئے نامزد امیدوار آج اسمبلی اجلاس سے قبل کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں