|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2018

کوئٹہ: صوبائی وزیر محکمہ مواصلات اور تعمیرات میر محمد عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقداما ت اٹھائے گی ہماری کوشش ہوگی پڑھے لکھے نوجوانوں کو صوبے میں ملازمتیں فراہم کی جائیں ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے کیلئے آنے والے مختلف وفود اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں اورہمیشہ عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہی ہے سابق حکومت میں ہمیں مسلسل سکرین سے آؤٹ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف محکموں میں 30ہزارسے زائد اسامیاں خالی ہیں جنہیں میرٹ کے مطابق جلد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے اورانشاء اللہ عوام کی فلاح و بہبود اور جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں گے۔

میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ ہم نے سابقہ ادوار میں بھی صوبے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں دیں اب بھی ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں میرٹ پر نوکریاں فراہم کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں میرعاصم کرد گیلو نے کہا کہ ہم بیورو کریسی سے کام لینا جانتے ہیں انہیں عوام کی منتخب حکومت سے مکمل تعاون کرنا پڑے گا اگر بیورو کریسی نے ہمارے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کیں تو ہم انہیں لگام دینا بھی جانتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مودہ صوبائی حکومت اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں۔