|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2018

کرک: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اس سال ہی اقتدار میں آئے گی اور  اقتدار میں آکر بڑے بڑے ڈاکوؤں کا احتساب کریں گے۔

کرک میں یونی ورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس سال اقتدار میں آئے گی، اقتدار میں آکر بڑے بڑے ڈاکوؤں کا احتساب کریں گے، بدقسمتی سے ملک میں تعلیم کو ترجیح نہیں دی گئی، بڑے لٹیروں سے جو پیسہ ملک میں واپس لائیں گے اس کو تعلیم پر لگائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھیجا، منی لانڈرنگ کا سارا پیسہ واپس لاکر تعلیم پر لگائیں گے، کسی بھی ملک نے دنیا میں بغیر تعلیم کے ترقی نہیں کی، اس سال ہم نے خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بجٹ تعلیم پر لگایا تاہم یہ کافی نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا جب بھارت سے ہار کر لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے تو کسٹم والوں نے ہمارا سامان ضبط کرلیا اور باہر نکلے تو ٹیکسی ڈرائیوروں نے ہمارے خلاف نعرے لگائے، برا وقت آنے پر ہم اپنے خواب سے نیچے چلے جاتے ہیں، جب تک آدمی ہار نہیں مانتا، ہار اسے کبھی نہیں ہراسکتی جب کہ خوف سے نکلنے والے جدوجہد کرکے جیت جاتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے اور اسی دن ہی اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔