|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے جو بھی وعدہ کرینگے پورا کرینگے۔

دستیاب وسائل کو صوبے کی مجموعی ترقی عوامی مسائل کے حل اور روزگار کی فراہمی کے لئے برؤے کار لایاجائے گا۔

وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں تاہم ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ وسائل کے صحیح مصرف کویقینی بناتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلف دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

وفود نے وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے عوام کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام اور پارلیمانی جماعتوں کا اعتماد ان کی طاقت ہے صوبے کے باشعور عوم تعلیم صحت اور ترقی چاہتے ہیں جو ان کا حق ہے اور حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنا ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کے مطابق روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گااور جلد تمام محکموں سے آسامیوں کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود کو عوام ہی میں سے سمجھتے ہیں اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ کے اجراء کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو اس وقت دہشت گردی کی صورت میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایک ایسے ہی قومی سطح کے بیانیہ کی ضرورت تھی جس پر تمام قوم متفق ہو اور دنیا بھر کو اس بیانیہ کے ذریعہ پیغام دیا جاسکے کہ پاکستانی قوم نہ صرف دہشت گردی کے خلاف متحد ہے بلکہ دہشت گردی کی جنگ میں بیش بہا قربانیاں دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف صف آراء بھی ہے تاکہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مقابلہ انتہااور شدت پسندانہ ذہنیت سے ہے اور ملک بھر کے جیدعلماء کرام نے خونریزی، بے گناہوں کا خون بہانے اور خود کش حملوں کو اسلام کی رو سے حرام قرار دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پوری قوم شدت پسندی اور انتہائی پسندی کے خاتمے کا پختہ عزم و حوصلہ رکھتے ہوئے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے جبکہ آئین پاکستان کی بنیاد بھی قرآن و سنت پر قائم ہے اور وہ دن دور نہیں جب عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور پائیدار بنیادوں پر امن قائم ہوجائے گا۔