|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2018

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے رئیسانی روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ٹریفک پولیس اہلکار نصیر احمد کو قتل کردیا، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس اہلکار نصیراحمد ولد عنایت اللہ سکنہ قمبرانی روڈ رئیسانی روڈ پر ڈیوٹی کیلئے جارہاتھاکہ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا اور فرارہوگئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں سے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

مقتول کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ،فاتحہ خوانی قمبرانی روڈ پر واقع جیلانی اسٹریٹ میں جاری ہے ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکارکی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اشد ضروری ہیں تاکہ صوبے بھر میں امن واستحکام قائم ہو۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت وحشت پر مبنی ذہنیت کے خاتمے کیلئے دہشتگردی کی تہہ تک پہنچیں اور ہر قسم کی تخریب کاری میں ملوث عناصر کے قلع قمح کیلئے بھر پور اقدامات اْٹھائیں۔

گورنر نے شہید پولیس اہلکارکی مغفرت کی دعاکی اور سوگوارخاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے رئیسانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید اہلکار کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیاں سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ ان میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے آئی جی پولیس کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے اور شہید اہلکار کے پسماندگان سے بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر وجمیل عطافرمائے۔