|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2018

 لاہور: وفاقی وزیریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپوزیشن  جماعتوں کے رہنماوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عادی جھوٹوں مذہبی بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کُھل کر سامنے آ گیا۔

لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاون اور قصور واقعے پراپوزیشن جماعتوں کے احتجاج پر  ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ قتل کے مقدمہ کا فیصلہ چوک میں نہیں عدالت ہی میں ہوگا، احتجاج کرنے والے شور مچا کر گند ڈال کر کسی کو قاتل نہیں بنا سکتے،جمہوریت کے ساتھ کوئی کھلواڑ ہوا تو پہلی ذمہ داری شیطانی اتحاد کی ہوگی، وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

وفاقی وزیر نے عوامی تحریک کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین شہری پاکستان میں انتشار اور افراتفری پھیلانے آتے ہیں،طاہرالقادری کی قلابازیاں ضرب المثل بن چکی ہیں، اُنہوں نے ہمیشہ جمہوریت کُش کردار ادا کیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ آصف زرداری کے کرتوُتوں نے پیپلز پارٹی جیسی  بڑی جماعت کو تانگہ پارٹی بنا دیا، مشرکہ جلسہ میں اہلِ لاہور کی عدم شرکت شیطانی اتحار پر عدم اعتماد کے مترادف ہے۔