|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2018

کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں خواتین سمیت پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ایسا بزدلانہ حملہ جس میں دوسروں کو زندگی دینے والی خواتین اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ انسداد پولیو مہم کی دوخواتین پر نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے صحت مند مستقبل پر حملہ ہے۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں۔ گورنر بلوچستان نے پولیو کے خلاف جہاد میں مصروف خواتین کے قتل کو وحشت وبربریت کی ایک بدترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے شہید ہونے والی ماں بیٹی کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا ہر فرد ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث عناصر کو گرفتار کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔

گورنر بلوچستان نے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کی بھی مذمت کی ہے،اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے شالکوٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں انسداد پولیو ٹیم کی دو خواتین رضاکاروں کی شہادت پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران خواتین کو نشانہ بنانے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہداء کی لازوال قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی،صوبائی وزیر صحت میرعبدالماجد ابڑو نے کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین پولیو ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیو رضاکاروں پر حملہ ناقابل برداشت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

خواتین پر حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ حملہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے،مشیر اطلاعات انوارالحق کاکڑ نے شالکوٹ کے علاقے میں انسداد پولیو کی ٹیم پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ میں دوخواتین پولیو ورکرز کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

ان پر حملہ ایک وحشیانہ فعل ہے،مشیر اطلاعات نے زرغون روڈ کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹیبلری پر ہونے والے فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بلوچستان کانسٹیبلری سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سابق مشیر معدنیات و قدرتی وسائل حاجی محمد خان لہڑی نے کوئٹہ میں آر آر جی دو جوانوں اور پولیو خواتین ورکرز کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کوئٹہ میں خواتین اور سیکورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پولیو ورکرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ بزدلانہ اقدام ہے ایسے دلخراش واقعات ناقابل برداشت ہیں بلوچ معاشرے میں خواتین کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ایسے واقعات کا رونما ہونا قابل افسوس امر ہے ۔

پارٹی کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اقدام اٹھائے جائیں بے گناہ خواتین جو معاشی تنگ دستی کی وجہ سے پولیو ورکر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔

ان کو شہید کرنا کسی بھی صورت درست اقدام نہیں یہ بلوچ اور بلوچستانی روایات کے برعکس اقدام ہے پارٹی ان واقعات کی مذمت کرتی ہے انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے اقدام کرے ۔

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں کوئٹہ کے ہزار گنجی میں پولیو ورکرز ماں ، بیٹی، رئیسانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار اور سریاب فلائی اوور کے قریب ریپڈ ریسپانس گروپ کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کے دہشتگردانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت ،امن وامان قائم رکھنے والے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے ان واقعات میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائیں۔


پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بالادستی کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہے پارلیمنٹ کی توہین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا جن لو گوں نے پارلیمنٹ کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کئے ہیں وہ رعایت کے مستحق نہیں ہے ۔

پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والے خود ہی اس کا شکار ہے عوام سے فوری طور پر معافی مانگی جائے کوئٹہ میں پولیس اور پولیو ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کر تے ہیں حکومت موثر اقدامات اٹھائے ،پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی نے گزشتہ روز پولیس اہلکاروں اور پولیو خواتین ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

دو دن میں تین پولیس اہلکاروں اور دو پولیو ورکرز خواتین کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، جماعت اسلامی کے صوبائی بیان میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کا قتل وزخمی کرنے اور پولیوورکرزکی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت عوام کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ہوگئی ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے پے درپے قتل ،وخواتین پولیوورکرزکاقتل حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے ۔

بلوچستان میں ایک با رپھر قتل وغارت گری شروع ہونا لمحہ فکریہ ہے حکومت قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مخلصانہ جدوجہد کرتے ہوئے کام کریں ،جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی رہنما ء نوابزادہ گہرام خان بگٹی نے کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں اورپولیوورکرزکی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئٹہ میں دو دن میں تین اہلکاروں اوردوپولیوورکرزکو ٹارگٹ کرکے انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا۔

صوبائی حکومت نام کی چیزبن کے رہ گئی ہے ہم شہید ھونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، سابق صوبائی وزیر ورکن صوبائی اسمبلی میر اظہار حسین کھوسہ نے کوئٹہ میں خواتین پولیو ورکرز اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور فورسز کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ۔