|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2018

گوادر: یونیورسٹی آف تربت کے گوادر کیمپس کا پہلی سالگرہ کی تقریب گوادرکیمپس کے سمینار ہال میں منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمان خاص تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابر تھے۔

تقریب میں گوادر کیمپس کے طالب علموں،اساتذہ اور انتظامی افسران کے علاوہ تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کیوای سی پروفیسر ڈاکٹرگل حسن، ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹرترقی ومنصوبہ بندی عاصم خانزادہ، یونیورسٹی آف گوادر قیام کے مشاورتی فرم کے نمائندے چیف ایگزیکٹیواقبال شیخ، کنسلٹینٹ نعمان اقبال او رکنسلٹینٹ سمیرہ اسلام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود گوادر کیمپس نے ایک سال کے عرصے میں جس رفتار سے ترقی کی ہے یہ اس بات کا مظہر ہے کہ یہاں کے لوگوں میں تعلیم دوستی کا بے پناہ جذبہ موجود ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی سرانجام دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

کامیابی کے ساتھ ایک سال مکمل کرنے پر وائس چانسلر نے گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمد اور اساتذہ کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی نے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کا عزم کررکھاہے اور اس سفر میں ہم ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی،وفاقی وصوبائی حکومت اور سول سوسائٹی کے تعاون کے مشکورہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کیمپس کوبہت جلد یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا جس کے لئے تیزی کے ساتھ پیش رفت ہورہی ہے اور اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے گوادر یونیورسٹی کا فزیبلٹی سٹیڈی تیار کرنے کاذمہ دار مشاورتی فرم کے نمائندے آج ہمارے درمیان موجود ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ بہت جلد گوادر یونیورسٹی کا فزیبلٹی سٹڈی تیار کرکے متعلقہ حکام کے سامنے پیش کریں گے۔

وائس چانسلرنے گوادرکیمپس کے سالگرہ کا کیک کاٹا۔آخر میں وائس چانسلر اور ڈائریکٹرکیمپس نے مشاورتی فرم کے نمائندوں کو گوادر کیمپس کا یادگاری شیلڈ اور تربت یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کیا۔