|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2018

کوئٹہ:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصرنے کہاہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کرنے میں ان نادیدہ قوتوں کا ہاتھ تھا جن کا نام بھی نہیں لے سکتا۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نواب ثناء اللہ خان زہری کو مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیا تھا تاہم وہ پہلے ہی استعفا دے چکے تھے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

سردار یعقوب خان ناصر نے کہاکہ وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہر ی کی حکومت ہٹانے میں کچھ ہاتھ سابق صدر آصف علی زرداری کا بھی تھاجن ارکان نے وزیراعلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور حکومت ختم کرنے کے کھیل میں حصہ ڈالا انکے تعلقات سے سب واقف ہیں۔

کچھ قوتیں یہ نہیں چاہتی کہ سینیٹ کے انتخابات ہوں اور مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں اکثریت ملے ۔

انہوں نے کہاکہ جو ارکان اسمبلی نواب ثناء اللہ خان زہری کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائے وہ ساڑھے چار سال سے کہاں تھے

اب جب حکومت کی مدت ختم ہونے میں صرف چند ماہ باقی ہے انہیں تحریک عدم اعتماد لانے کا خیال کیوں آیا بلوچستان میں وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہر ی کی حکومت ختم کرنے میں دیگر قوتوں کا بھی کردار تھا ۔