|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2018

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے ملاقات سے پہلے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم طالبان سے بات چیت نہیں کرنا چاہتے ، وہ اپنے ہی بے گناہ لوگوں کو قتل کررہے ہیں، اس وجہ سے ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

افغان طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت مذاکرات کے لئے تیار نہیں، ممکن ہے کہ آگے جاکر کسی وقت طالبان کے ساتھ بات چیت ہو لیکن فی الحال اس کا کوئی امکان نہیں۔

 

خیال رہے کہ21  جنوری کو کابل میں واقع ہوٹل میں طالبان نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس سے قبل 27 جنوری کو کابل میں وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے باہر ایمبولینس کے ذریعے خود کش دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں 95 افراد ہلاک اور 158 زخمی ہوئے۔