|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2018

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوپیر کے روز سینئر صحافی مرحوم لالا صدیق بلوچ کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے ان کے صاحبزادوں سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ اور میر ضیاء اللہ لانگو بھی اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے تعزیت کے موقع پر کہاکہ صدیق بلوچ کی بلوچستان کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی،لالہ صدیق بلوچ نے بلوچستان کے مسائل کو موثرانداز میں اجاگر کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ یقیناًیہ بہت بڑا صدمہ ہے مگر ہم سب ملکر بلوچستان کی خوشحالی اور امن کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے اور ہمارا رشتہ لالہ صدیق بلوچ کے ساتھ جس طرح قائم تھا اس تسلسل کو جاری رکھیں گے ۔

صوبائی وزیرداخلہ میرسرفراز بگٹی نے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ صدیق بلوچ ایک مخلص بزرگ صحافی تھے جنہوں نے ایک پختہ عزم کے ساتھ بلوچستان کے مظلوم عوام کیلئے قلم کے ذریعے جدوجہد کی جس کی وفات سے بلوچستان میں ایک بڑی خلاء پیدا ہوئی ہے، امید ہے کہ صدیق بلوچ کی جدوجہد کو مشعل راہ بناتے ہوئے ان کے فرزند لالہ صدیق بلوچ کی طرح اپنا صحافتی مشن جاری رکھیں گے۔