|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے سریاب روڈ ،موسیٰ کالونی، سرکی لانگو، کلی اسماعیل ، زرغون روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور شہر کے دیگر علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور اس موقع پر شہریوں سے ان کے مسائل سنے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، صوبائی مشیر خوراک ضیاء اللہ لانگو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ کی گاڑیوں کا قافلہ بغیر ٹریفک روکے مختلف علاقوں گز را۔ وزیراعلیٰ نے موسیٰ کالونی سمیت شہرکے مختلف حصوں میں گذشتہ کئی سالوں سے بند 54واٹر سپلائی اسکیمات کی بندش کا نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو ان کی فوری فعالی کے احکامات جاری کئے۔

وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور نالیوں کی صفائی کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری مرمت اور تعمیر کی ہدایت کی۔ وزیراعلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سرکاری فنڈز کوکسی بھی صورت میں ضائع نہیں ہونے دیں گے صوبائی حکومت شہر میں تیار بور نگ پر مشینری کی تنصیب کی جائے گی اور عملہ بھی بھرتی کیا جائے گا وزیراعلی نے سیٹلائٹ ٹاون میں چوک کے بیچ میں تعمیر ہونے والی ٹریفک پولیس کی عمارت کا بھی نوٹس لیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر عمارت کو تعمیر کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی ہدایت کیں۔موسیٰ کالونی میں پہنچنے پروزیراعلیٰ لوگوں میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ ایک شہری نے گیس کے بھاری بھرکم بلوں کی شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ نے اپنی جیب سے ان کی مالی معاونت کی۔

وزیراعلیٰ نے بچیوں کو کتابوں کی خریداری کے لئے بھی موقع پر مالی معاونت فراہم کی۔لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اس کی ترقی، صفائی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے تمام حصوں کی بہتر صفائی اور سڑکوں کی تعمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ماضی میں شہر کی تعمیر پر مکمل توجہ نہیں دی گئی جس کے سبب آج ہمارا شہر مشکلات کا شکار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ کوئٹہ شہر کی سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے پانی کی بند اسکیمات کو جلد فعال کردیا جائے گا جس سے پانی کے مسئلے میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کوئٹہ شہر کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہوئے اس کی ترقی، صفائی اور بہتری کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

وزیراعلی کے اچانک دوروں کو خیر مقدم کرتے ہوئے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو نے کیا کہ عوام کی مشکلات کو کم اور مسائل کے حل کرنے کے لئے وزیر اعلی میر قدوس بزنجو اور ان کی ٹیم جس طرح اقدامات اٹھارہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سریاب پیکج کے تحت عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے وزیراعلی قدوس بزنجو نے ان کی اپیل پر جو احکامات جاری کئے ہیں اس کے لئے وہ ان کے مشکور ہیں حکومت کے ایسے مثبت اقدامات پر انکی بھر پور حمایت موجودہ حکومت کے ساتھ رہے گی۔