|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے شہر کے اچانک دورے کے بعد ان کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کوئٹہ ٹریفک پولیس کی جانب سے آج سے کوئٹہ کی معروف شاہراہ جناح روڈ پر میرصلاح الدین چوک سے منان چوک پر گاڑیوں کی پارکنگ کے طریقہ کار کو تبدیل کرکے سیدھی گاڑیاں کھڑی کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا شہریوں اوردکانداروں سے درخواست ہے کہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

ایس پی ٹریفک سٹی ملک جاوید احمد خان نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کو درست کرنے اور فٹ پاتھ پر کھڑی ہونے والی موٹرسائیکلوں کو ہٹانے کے واضح احکامات پر آج سوموار سے عملدرآمد کا آغاز کر دیاجائے گا جس کی روشنی میں صلاح الدین چوک سے منان چوک تک جناح روڈ پر گاڑیاں سیدھی پارک کی جائیں گی ۔

جس پر عملدرآمد کے لئے شہریوں اور دکانداروں سے درخواست ہے کہ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ گاڑیاں سیدھی پارک کرکے ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے کے لئے قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر عملی اقدامات اٹھائے ہیں ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے بتایا کہ جناح روڈ پر 30 کے قریب مختلف بینکوں کی برانچیں ہیں جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں کھاتہ دار شہری بینک میں رقوم کے لین دین کی غرض سے آتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے گاڑیوں کی پارکنگ کے طریقہ کار تبدیل کرکے ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے اس کے لئے شہری اور دکاندار ٹریفک پولیس کیساتھ تعاون کریں ۔