|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ لشکری رئیسانی کی ہدایت پربلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے لکپاس سے کوئٹہ تک امن اتحاد سائیکل ریلی نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء مختلف شاہراؤں سے ہوتے ہوئے کچلاک پھاٹک پر پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں اراکین اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 

ریلی میں بلوچستان بھر کے 50سائیکلسٹ کے علاوہ سائکلنگ سے دلچسپی رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی میں بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ ودیگر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے علمی اقدامات اٹھائے۔ 

کھیل کے میدان آباد کرنے سے ہی منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جاسکتا ہے۔ بلوچستان کے کھلاڑیوں نے ملکی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ 

جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران اور جرائم کا خاتمہ ہوتا ہے۔ رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء کی انتھک محنت پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بلوچستان میں سائیکلنگ کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔