|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2018

 اسلام آباد: قطر کی حکومت نے ملازمت کے خواہش مندوں کے لیے پاکستان میں ویزا مرکز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

قطر کی حکومت نے 8 ممالک میں ویزا مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان ممالک کے شہریوں کے لیے قطر کے سفر کو زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جاسکے۔ قطر ویزا مرکز کے ذریعے پاکستانی ہنرمندوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور سفری اجازت نامے کے حصول میں درپیش مشکلات کو دور کیا جائے گا۔

قطر میں اس وقت تقریبا ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی محنت کش کام کررہے ہیں اور وہاں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے اس تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ پاکستان میں قطری سفارت خانے نے وزارت سمندر پار پاکستانی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کو خط لکھ کر اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔

کام کے خواہش مند پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان سے باقاعدہ ملازمت کا معاہدہ کیا جائے گا۔ نیز قطری مالکان اور آجروں کی جانب سے غیر ملکی ملازمین کے استحصال کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2022 کا فٹ بال کا ورلڈ کپ قطر میں ہوگا اور اس لیے بھی وہاں ملازمت اور کام کے زیادہ سے زیادہ مواقع سامنے آئیں گے۔