|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2016

راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد علاقہ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے ٗ بڑا ایریا کلیئر کرا لیا گیا ہے ٗ حکومتی رٹ بحال ہو چکی ہے ٗبے گھر افراد کی واپسی کا عمل زور شور سے جاری ہے یہ ایک طویل جنگ ہے ٗ انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور کومبنگ آپریشن جاری رہیں گے ٗ ضرب عضب کے دور ان پانچ سو کے قریب جوان شہید ہوئے ٗ ساڑھے تین ہزار دہشتگرد مارے گئے ٗ 107ارب ڈالر اخراجات آئے ٗ خطے میں امن لانے کیلئے بارڈر مینجمنٹ انتہائی ضروری ہے ٗطورخم بارڈر پر افغان فورسز نے فائرنگ میں پہل کی ٗ سرحد پر گیٹ لگانے کا فیصلہ حکومت اور فوج نے مل کر کیا ٗافغان فورسز کی فائرنگ سے ایک میجر شہید اور 19جوان زخمی ہوئے ٗخیبر ایجنسی میں دہشتگردانہ کارروائی میں افغان خفیہ ایجنسی کے دو لوگ پکڑے گئے ہیں ٗ پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے پاک فوج مکمل سکیورٹی دے گی ٗپاکستان کیلئے ڈرون حملے ناقابل برداشت ہیں ٗاس سے دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں ٗ اب تک فوجی عدالتوں سے 102 کیسوں کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے ٗ 77 ملزمان کو سزائے موت دی گئی ہے ٗ پاکستان کی زمین کا ایک انچ حصہ بھی کسی کو نہیں دیا گیا ٗدہشتگردی کے چند ایک واقعات کو ناکامی نہیں کہا جاسکتا ہے ۔آپر یشن ضرب عضب کے دو سال مکمل ہونے پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ 15 جون 2014 کو آپریشن ضرب عضب کے آغازسے قبل پورے ملک میں دہشتگردی پھیل چکی تھی اور ہر روز ہی دھماکے ہورہے تھے ٗ لوگوں کو اغوا کرکے جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے علاقہ غیر میں لے جایا جاتا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب طالبان برابری کے فریق بن کر ریاست پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کررہے تھے فیصلہ کیا گیا کہ ان کے خلاف ایک مکمل آپریشن کرکے انہیں نیست و نابود کردیا جائے گا۔ جنوری 2014 میں انہوں نے مذاکرات کا آغاز کیا اور مارچ میں ایک ماہ کیلئے سیز فائر کردیا 8 جون 2014 کو کراچی ایئرپورٹ پر حملہ ہوا جس کے بعد آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کیا گیاآپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیر ستان نو گو ایریا تھا جہاں طالبان پھیل چکے تھے جب یہاں آپریشن کیا گیا تو یہاں سے نکل کر دہشتگرد خیبر ایجنسی کی طرف منتقل ہوگئے آپریشن شروع ہونے سے پہلے افغانستان کو سیاسی و ملٹری سطح پر واضح پیغام دیا کہ ہم آپریشن شروع کرنے جارہے ہیں لہٰذا آپ ہمارے ساتھ تعاون کریں لیکن افغانستان نے تعان نہیں کیا اگر انہوں نے تعاون کیا ہوتا تو بہت مثبت نتائج سامنے آتے۔ شمالی وزیرستان میں 3600 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کرایا گیا۔خیبر ون اور خیبر ٹو شروع کیے گئے جن میں ڈیڑھ ڈویڑن فوج نے حصہ لیا اور 2400 مربع کلومیٹر کا علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرایا گیا ۔ اس دوران 900 دہشتگردوں کو مارا گیا اور لشکر اسلام کو اکھاڑ کر یہاں سے پھینکا جس میں 108 کے قریب جوان شہید ہوئے ۔جنوبی وزیرستان میں 4304 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرایاوادی شوال میں بہت سی قربانیاں دے کر لوگوں کی دہشتگردوں سے جان چھڑائی گئی یہ بارڈر کا علاقہ تھا جس کی وجہ سے بارڈر کے اس پار آمدورفت بہت زیادہ تھی۔ یہاں 992 سرنگیں تباہ کیں جبکہ 253 ٹن بارودی مواد ملا یہ اتنا بارودتھا کہ جس سے 15 سال تک آئی ای ڈیز بنائی جاسکتی تھیں۔ آپریشن کے دوران ساڑھے سات ہزار کے قریب آئی ای ڈیز فیکٹریاں تباہ کی گئیں جبکہ 2800 کے قریب مائنز تباہ کی گئیں اور مارٹر، راکٹ اور دیگر سامان 35310 سے زیادہ ریکور کیے ۔جوانوں کی قربانیوں اور بے گھر ہونے والے افراد کے بارے میں جنرل باجوہ نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے 500 کے قریب جوان شہید جبکہ ساڑھے تین ہزار دہشتگرد مارے جاچکے ہیں اور اس آپریشن پر 107 ارب ڈالر کے قریب خرچہ ہوا ہے ٗفاٹا اور سوات میں ریاست کی رٹ مکمل قائم کرچکے ہیں فاٹا کو کلیئر کرکے بارڈر تک پہنچے ہیں۔آپریشن ضرب عضب کے ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل زورو شور سے جاری ہے اور 61 فیصد لوگ واپس جاچکے ہیں رواں سال کے اختتام تک تمام بے گھر افراد واپس اپنے گھروں کو پہنچ جائینگے ۔ پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان علاقوں میں صاف پانی ، ہسپتال، مساجد اور بازار، سکول، کیڈٹ کالجز بنائے جارہے ہیں ٗ وزیرستان میں 705 کلومیٹر سڑکیں بن رہی ہیں اور سڑک بننے پر انٹرنیشنل موٹر ریلی نکالی جائیگی۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والے آپریشنز کے بارے مین بتایا کہ ملک بھر میں 19 ہزار سے زیادہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جن کی وجہ سے دہشتگردوں کا نیٹ ورک ٹوٹ گیاہے ٗکومبنگ آپریشن خیبر پختونخوا سے شروع کیے اور ان کا دائرہ کار بڑھارہے ہیں عوام کی طرف سے کومبنگ آپریشن میں بہت زیادہ تعاون حاصل ہورہا ہے۔ 27 دسمبر کو اقبال پارک لاہور می ہونے والے دھماکے کے بعد پنجاب میں 280 سے زائد آپریشن کیے جاچکے ہیں۔کراچی میں 1200 سے زیادہ دہشتگرد پکڑے اور مارے گئے ہیں ۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، دہشتگردی اور اغوا برائے تاوان کی چار اہم وارداتیں ہورہی تھیں جن میں ستمبر 2013 میں شروع کیے جانے والے آپریشن کے بعد بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔افغانستان کے ساتھ بارڈر کے تنازعہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا 2600 کلومیٹر بارڈر لگتا ہے اور اس میں سے ساڑھے 13 سو کلومیٹر کا بارڈر صرف کے پی کے کے ساتھ لگتا ہے جس میں سے صرف 8جگہوں پر باقاعدہ چیک پوسٹس قائم ہیں اس کے علاوہ سارے علاقے سے کوئی بھی آ سکتا اور جاسکتا ہے۔افغانستان سے انٹری سے لے کر اندر کی طرف پلاننگ کی گئی افغانستان کی سائیڈ پر ہمارے علاقے کے 37 میٹر اندر گیٹ کی تعمیر شروع کی گئی یہ تمام فیصلے سول اور فوجی قیادت مل کر کررہی ہے۔ 2004 میں طورخم پر گیٹ تھا تاہم طورخم ، جلال آباد سڑک بنانے کیلئے یہ ہٹایا گیا۔خطے میں امن لانے کیلئے بارڈر مینجمنٹ انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہاں سے دہشتگرد پاکستان میں داخل ہو کرکارروائیاں کرتے ہیں۔چارسدہ پر حملہ کرنے والے دہشتگرد طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئے تھے ۔ بڈھا بیر حملے کے 14 کے 14 حملہ آور مارے گئے ۔ یہ تمام دہشتگرد افغانستان سے طورخم کے راستے پاکستان آئے اور ان کے سہولت کاروں نے تین گھر کرایے پر لے رکھے تھے جہاں انہیں تمام سہولیات دی گئیں ۔ بڈھا بیر حملے کے تمام سہولت کار خواہ انہوں نے رہائش فراہم کی ہو، ٹرانسپورٹ یا اسلحہ فراہم کیا ہو سب کے سب پکڑے جاچکے ہیں ۔طورخم بارڈر پر افغانیوں نے فائرنگ کی اورہمارے جوانوں نے بھرپور طریقے سے جواب دیا ٗزمین پر موجود جوانوں کی ٹریننگ ہی ایسی ہوتی ہے کہ ان پر کہیں سے بھی حملہ ہوگا تو وہ فوری طور پر جواب دیتے ہیں اور طورخم پر ہمارے جوانوں نے جتنا بنتا تھا اتنا ہی بھر پور جواب دیا ٗافغانستان کی فائرنگ سے ہمارے ایک میجر شہید ہوئے ہیں جبکہ ایک افسر سمیت 19 جوان زخمی ہوئے ہیں۔افغان اور بھارتی خفیہ ایجنسی کی کارروائیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایس کے لوگ پکڑے گئے ہیں جن کے نام دو فائلوں میں ہیں اور یہ لوگ طورخم کے ذریعے خیبر پختونخوا میں داخل ہوکر دہشتگردی کررہے تھے۔دوسری جنگ عظیم کے بعد پوری دنیا میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی انٹیلی جنس ایجنسی کا حاضر سروس افسر کسی دوسرے ملک میں پورا نیٹ ورک چلانے کیلئے موجود تھا۔ این ڈی ایس اور ’’را‘‘ مل کر پاکستان میں مداخلت کررہے ہیں ۔اقتصادی راہداری کیلئے پاک فوج مکمل سکیورٹی دے گی اور کسی دہشتگرد یا ایجنسی کو اجازت نہیں دے گی کہ اس منصوبے کو سبوتاڑ کرسکے۔موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی نے عہدہ سنبھالتے ہی افغان صدر سے ملاقات کی اور اس کے بعد آکر اپنا دفتر سنبھالا۔ آئی ایس آئی اور این ڈی ایس کا آپریشن ضرب عضب کے بہتر نتائج کے حصول میں آپس میں تعاون بہت ضروری ہے ٗآرمی چیف 6 دفعہ کابل میں جا کر افغان صدر سے مل چکے ہیں ۔ چار ملکی گروہ افغان امن عمل کو آگے لے کر جارہے تھے لیکن یہ صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ سب نے ہی اس کو اپنے اثرورسوخ کے حساب سے آگے لے کر چلنا ہے۔