|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2016

رسابق مشیرخزانہ بلوچستان میرخالد خان لانگو کو 7 جون تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ میرخالد لانگو کو گزشتہ روز نیب نے عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد بلوچستان ہائیکورٹ کے احاطہ سے حراست میں لے لیا تھا۔ خالد لانگو نے چند روز قبل عہدے سے استعفیٰ دے کراسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرائی تھی ۔مدت ضمانت ختم ہونے پر خالد لانگو نے دوبارہ درخواست جمع کروائی تھی۔ آج نیب حکام نے میرخالد لانگو کو احتساب عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ملزم کو 7 جون تک نیب کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں  نیب نے سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کو کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ مشتاق رئیسانی کے گھر پرچھاپہ مارکر 65کروڑ پاکستانی روپے، غیر ملکی کرنسی، سونا،پرائزبونڈز،سیونگ سرٹیفکیٹ اور مخلتف اقسام کی جائیداد کے کاغذات برآمد کیے گئے تھے۔ مشتاق رئیسانی کے پکڑے جانے پرنیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے مشیرخزانہ بلوچستان میرخالد خان لانگو نے عہدے سے استعفیٰ دیکر کہا تھا کہ کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک وہ کوئی عہدہ قبول نہیں کریں گے۔ مشتاق رئیسانی کے علاوہ میگا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم ٹھیکے دار سہیل مجید اور دیگر 3 ملزمان بھیگرفتار کیے جا چکے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔