|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2016

لندن: انگلینڈ کے مشہور فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے جوز مورینو کو نیا منیجر مقرر کردیا۔ رپورٹ کے مطابق تین دن مسلسل مذاکرات کے بعد پرتگال سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ مورینو مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے منیجر کا عہدے سنبھالنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔ مورینو کے ساتھ ممکنہ تین سالہ معاہدے کا باقاعدہ اعلان جمعے کو متوقع ہے۔ کلب کے سابق منیجر لوئس وین گال کو ایف اے کپ میں کامیابی کے محض دودن بعد عہدے سے برطرف کیا گیا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اور مورینو کے درمیان مذاکرات منگل کو شروع ہوئے تھے اور بالآخر جمعرات کو کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئے۔ مورینو اس سے قبل اسپین کے مشہور کلب ریال میڈرد، اٹلی کے انٹرمیلان، پورٹو کے علاوہ انگلش کلب چیلسی کے منیجر رہ چکے ہیں جہاں سے انھیں دسمبر میں برطرف کیا گیا تھا۔ مورینو کی تعیناتی کو کلب کے سابق کھلاڑیوں نے بھی سراہا تھا۔ ریو فرڈیناڈ نے فیس بک پر اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ’جوز مورینو کو دنیا کے سب سے بڑے کلب کے منیجر بننے پرمبارک ہو’۔ مشہور فٹ بالر زلاٹن ابراہیمووک کا کہنا تھا کہ ‘مورینو ہی وہ شخص ہیں جو کلب کو دوبارہ بلندیوں پر لے جائیں گے’۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جوز مورینو سے معاہدے کے حوالے سے تاحال کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔