|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2016

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں جب کہ چھتیں گرنے اور مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد جل تھل ہوگیا جب کہ راولپنڈی، ایبٹ آباد اور گوجرانوالہ میں چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جس میں شہریوں نے تیراکی شروع کردی جب کہ سیالکوٹ کے گاؤں ڈھلن بلنگن میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت 5 سالہ حسن اور 12 سالہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈسکہ اور فیصل آباد میں بھی شدید ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پشاور، دیر، سوات، مینگورہ، چترال، بالاکوٹ اور مانسہرہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔