|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بم دھماکے میں 4ایف سی اہلکاروں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے، حب میں رکن صوبائی اسمبلی قدوس بزنجو کا کزن قتل جبکہ چھتر میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، بولان کے علاقے آب گم میں سڑک کنارے نصب 20کلو وزنی ریمورٹ کنٹرول بم برآمد، ڈیرہ بگٹی میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 3افراد گرفتار کر لئے گئے، گنداواسے مطلوب ملزم گرفتار ، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے 4ایف سی اہلکاروں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ دوکانی بابا چوک کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹڑول بم سے فرنٹیر کور بلوچستان کی گشت پر مامور گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکار جاوید اختر،فیض اللہ لانس نائیک نوید اور لانس نائیک پرویز ،شہری خورشید احمد اور گل بدین زخمی ہوگئے دھماکے سے ایف سی گاڑی کو نقصان پہنچادھماکے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیر کور اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی زخمیوں کو فوری طورپرسول ہسپتال کوئٹہ پہنچادیا گیا دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کے دروازوں اور قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا دھماکہ انتا شدید تھاکہ اسکی آؤاز دور دور تک سنائی دی۔ پولیس اور ایف سی نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے،دریں اثناء کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر فائرنگ کرکے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل آواران کے بھائی اور رکن اسمبلی بلوچستان کے کزن کو قتل کردیا۔ ڈی پی او لسبیلہ ضیاء مندوخیل کے مطابق حب کے علاقے زہری اسٹریٹ میں اسد چوک کے قریب نامعلوم افرادنے ایک گھر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آواران لیویز فورس کا اہلکار بشیر بزنجو جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ سر پر گولی لگنے سے بشیر بزنجو موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔ مقتول چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل آواران نصیر احمد بزنجو کے بھائی اور بلوچستان اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے کزن بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس نے واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے،جبکہ جھل مگسی کے علاقے گنداواہ میں لیویز نے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتا رکرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ کے مطابق لیویز نے گنداواہ کے علاقے بستی جٹان میں میں کارروائی کی اور ایک مطلوب ملزم محمد مراد ولد رتو خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور الیکٹرانک ڈیوائس بھی برآمد کیا گیا۔ لیویز کے مطابق ملزم 2011ء میں درج کئے گئے قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب تھا،دریں اثناء بلوچستان کے علاقے بختیارآباد میں فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا گیا۔ لیویز کے مطابق لہڑی کے علاقے بختیار آباد لیویز تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر مقامی ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کرکے دادو ولد پیار خان پیچوہا کو کو قتل کر دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔مقتول نصیرآباد کی تحصیل چھتر کا رہا ئشی بتایا جاتا ہے ۔لیویز نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردی اور ضابطے کی کارروائی شروع کردی،دریں اثناء سبی کوئٹہ قومی شاہراہ آب گم کے مقام پر سیکورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرکے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا سٹرکٹ کنارے20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کچھی (بولان) کے علاقہ مچ کے قریب آب گم کے مقام پر سبی کوئٹہ قومی شاہراہ پر دہشت گردی کی کاروائی ایف سی مچ و حساس اداروں کی کامیاب حکمت عملی کے باعث ناکام بنا دی گئی حساس اداروں اور کمانڈنٹ 68ونگ کرنل کاشان ملک نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے روڈ کنارے سے ایک عدد 10کلووزنی بارودی سرنگ، 10کلو بارودی مواد ،ایک میٹر تار، ایک عدد ڈیکونیٹر، ایک عدد ریمورٹ کنٹرول برآمد کرکے بارودی مواد کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا مزید تفتیش مقامی انتظامیہ نے شروع کردی جبکہ قومی شاہراہ پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ،دریں اثناء سیکورٹی فورسز کی ڈیرہ بگٹی کے علاقہ سنگسیلا و گردونواح کے علاقہ میں سرچ آپریشن کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے کے شبہ میں تین افراد حراست میں لے لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقہ سنگسیلا ومیرواہ میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد وں کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔