|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں کانگو کے شبے میں اسپتال میں داخل کئے گئے دو مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ رواں سال خطرناک بیماری سے متاثرہونیوالے افراد کی تعداد چوبیس ہوگئی۔کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کے شعبہ وبائی امراض میں کانگو کے شبے میں دو مریض لائے گئے تھے۔ اسپتال حکام کے مطابق پچپن سالہ محمد عیوض کو کوئٹہ کے علاقے غوث آباد اور پینتیس سالہ خڑ کو لورالائی سے منہ اور ناک سے خون آنے کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا۔ دونوں مریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لئے کراچی بھیجے گئے ہیں۔ ٹیسٹ کی رپورٹس میں دونوں مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں سال بلوچستان میں کانگو کے شبے میں اٹھاسی مریضوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں چوبیس مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس مرض سے اب تک نو مریض دم توڑ چکے ہیں۔