|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2016

کوئٹہ: سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حکومت بلوچستان نے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی جو خزانہ کرپشن کیس میں نیب کی تحقیقات کے بعد اس وقت جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل میں ہیں کی جانب سے استعفیٰ دینے کی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں بتایاگیا ہے کہ نہ تو صوبائی حکومت کو مشتاق رئیسانی کی جانب سے استعفیٰ کی کوئی درخواست موصول ہوئی ہے اور نہ ہی نیب کی اجازت کے بغیر ایسی کسی درخواست پر کوئی کاروائی ہوسکتی ہے قواعد کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم جو کسی الزام میں زیر حراست ہو اور اس کا مقدمہ بھی زیر سماعت ہو اس کی جانب سے دی گئی کوئی بھی درخواست جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عدالت کو بھجوائی جاتی ہے اور عدالت اسے مزید کاروائی کیلئے متعلقہ حکومت کو ارسال کرتی ہے ۔ لہذا سابق سیکرٹری خزانہ کی جانب سے استعفیٰ کی درخواست دینے کی خبر قطعی طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔