|

وقتِ اشاعت :   September 9 – 2016

کراچی: سابق ایم این اے نبیل گبول کی خواہش ہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نبیل گبول کو پارٹی میں شمولیت کی خود باضابطہ طور پر دعوت دیں تاکہ وہ اپنی سابقہ پوزیشن پرایک بار پھر مضبوط کھلاڑی بن کر اِنٹری مارے ‘ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء نثار کھوڑو نبیل گبول کیلئے پُل کاکردار ادا کرنے کیلئے سرگرم ہیں‘ حال ہی میں لیاری میں ایک شادی کی تقریب کے دوران جب نبیل گبول اورپیپلزپارٹی کے ایم پی اے جاوید ناگوری موجود تھے تو اس دوران پیپلزپارٹی کے ہی ورکرز نبیل گبول زندہ باد اور ویلکم کے نعرے لگارہے تھے ‘جاوید ناگوری اس دوران مکمل پریشان حالت میں دکھائی دے رہے تھے جبکہ اس سے قبل لیاری میں منعقدہ ایک جلسے کے دوران جب نثار کھوڑو اسٹیج پر موجود تھے تو جلسہ گاہ میں شریک پیپلزپارٹی کے ورکروں نے نبیل گبول کی حمایت میں نعرے لگائے‘ اس دوران نثار کھوڑو نے ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبیل گبول ہمارے بھائی اور ساتھی ہیں ورکروں کی خواہش پر ہی قیادت فیصلہ کرے گی‘ اطلاعات موصول ہورہے ہیں کہ نثار کھوڑو ان دنوں پارٹی قائدین سے نبیل گبول کی شمولیت کے حوالے سے بات چیت کررہے ہیں مگر کوئی خاص رسپانس نہیں مل رہا ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے الیکشن کی مدت کو آگے بڑھایاگیا ہے جو عید کے بعد ہونگے جو دھڑوں میں مشتمل گروپ کے درمیان زبردست پنجہ آزمائی ہے‘ ایک طرف نبیل گبول حمایتی گروپ ہے جو نبیل گبول کی پیپلزپارٹی میں ایک بار پھر آمد کیلئے صوبائی قیادت پر دباؤ ڈال رہی ہے اور اسی وجہ سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے الیکشن کی مدت میں توسیع کی گئی ہے تاکہ معاملات کو اندر ہی حل کیاجاسکے‘ نبیل گبول کے قریبی ساتھی سے جب اس حوالے سے بات کی تو اُن کا کہنا تھا کہ نثارکھوڑو جلد ہی نبیل گبول کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرینگے اور اسی دوران نبیل گبول کی شمولیت کا اعلان بھی متوقعہے ۔ نبیل گبول کی ذاتی خواہش بھی یہی ہے کہ پیپلزپارٹی کے قائدین انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں تاکہ وہ پھر لیاری سے ایم این اے کی نشست کیلئے اگلے الیکشن میں حصہ لے سکیں۔ پیپلزپارٹی لیاری کے ایک اہم رہنماء سے جب ہم نے ان تمام صورتحال کے حوالے سے بات کی تو اُن کا کہنا تھا کہ نبیل گبول کی ایک لابی اس وقت یقیناًسرگرم ہیں جس میں خلیل ہوت خاص کر اہم کردار ادا کررہے ہیں جو ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدارتی امیدوار کیلئے الیکشن لڑرہے ہیں اگر خلیل ہوت نے الیکشن میں کا میابی حاصل کی تو نبیل گبول کیلئے سنہری موقع ہوگاجو اسی لابی کے ذریعے وہ پیپلزپارٹی کے قائدین پر مزیددباؤ بڑھائینگے مگر فی الوقت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اس معاملے پر سوچ بچار کررہی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے نبیل گبول کو گرین سگنل نہ ملا تو وہ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرینگے‘ ان دنوں نبیل گبول مصطفی کمال کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں جبکہ نبیل گبول کے پرانے ساتھیوں نے حال ہی میں کمال ہاؤس کا دورہ کیا تھا اور مصطفی کمال سے مختلف امور پر بات چیت کی تھی یہ وہ ساتھی ہیں جو پیپلزامن کمیٹی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں ‘انہوں نے مصطفی کمال کے ساتھ اپنی مکمل یقین دہانی اور نبیل گبول کی شمولیت پر بھی بات چیت کی تھی ‘ اس وقت نبیل گبول مکمل سرگرم ہیں تاکہ وہ لیاری میں اپنی ایک مضبوط پوزیشن بناسکیں چونکہ ان کی زیادہ ترجیح پاکستان پیپلزپارٹی ہیں اگر پیپلزپارٹی کی جانب سے انہیں نظرانداز کیاگیا تو وہ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرینگے ‘ نبیل گبول کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے مصطفی کمال مکمل طور پر راضی ہیں مگر لیاری سے تعلق رکھنے والے پاک سرزمین پارٹی کے نوجوان ورکرز نبیل گبول کی آمد سے نالاں ہیں‘ ان کا کہنا ہے کہ اگر مصطفی کمال نبیل گبول کو پارٹی میں ویلکم کرینگے تو ہم پارٹی چھوڑنے پرغور کرینگے۔ ان دنوں نبیل گبول سوشل میڈیا پر تمام پرانے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور لائیو کال سے ان کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں اور ان کو اپنی حمایت میں راغب کرنے کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں‘ عید کے بعد یہ فیصلہ کسی بھی وقت ہوسکتا ہے نبیل گبول پیپلزپارٹی یا پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرینگے مگر وہ الیکشن لیاری سے ہی لڑینگے جس کی تصدیق انہی کے قریبی ساتھیوں نے کی ہے۔ آنے والے دنوں میں پیپلزپارٹی اور پاک سرزمین پارٹی لیاری میں مد مقابل ہونگے کیونکہ لیاری میں مسلم لیگ ن ‘پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کی پوزیشن مکمل کمزور ہے جبکہ پیپلزپارٹی لیاری کاگڑھ ہے مگر اِن دنوں پاک سرزمین پارٹی بھی لیاری میں زیادہ متحرک نظرآرہی ہے۔