|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2016

کوئٹہ:چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق ہفتہ کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر محمد عمر بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خلجی، ڈپٹی کمشنر پشین انجینئر عبدالواحد کاکڑ، ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد زمان بازئی، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ قیصر ناصر کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے، یونیسف کی جویریہ حبیب، ای یو سی کے ڈاکٹر سید فیصل، ڈاکٹر آفتاب ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں جن کو پولیو کے مرض سے محفوظ رکھنے اور انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے تمامتر حکومتی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برتنے پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو رضاکاروں اور ٹیموں کی تعداد کو بڑھایا جائے تاکہ پولیو ویکنیشن کے مقررکردہ اہداف کومؤثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا دائرہ وسیع کیا جائے تاکہ صوبہ بھر میں کوئی بھی بچہ پولیو ویکنیشن سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے ہدایت کی بلوچستان بھر میں خانہ بدوشوں کی گزرگاہوں کا نقشہ بنایا جائے تاکہ خانہ بدوشوں کے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں۔ اجلاس سے سیکریٹری صحت ڈاکٹر محمد عمر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26ستمبر 2016ء کو شروع ہونے والے سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہے ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی نے پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سے قبل اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 29ستمبر تک جاری رہے گی۔ 26ستمبر سے صوبہ بھر میں شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 2475000بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ بلوچستان بھر میں 6278 موبائل ٹیمیں اور 2867مستقل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔