|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گردی کے رونما ہونے والے واقعہ جس میں بہت سی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا پر صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا، وزیراعلیٰ نے سانحہ پی ٹی سی کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس میں بزدل دہشت گردوں نے بہیمانہ کاروائی کرتے ہوئے ہمارے نوجوانوں کو شہید کیا ، یہ تمام نوجوان میرے بیٹوں کی طرح تھے، جن کی شہادت کا غم اور ان کے لواحقین کا کرب میں دل سے محسوس کرتا ہوں ، آج پوری قوم سوگ کی حالت میں ہے اور سب شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث پس پشت عناصر اور سہولت کاروں تک ہرصورت پہنچ کر انہیں نشان عبرت بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے سانحہ کے بعد فوری رد عمل پر پاک فوج ، ایف سی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جرات اور بہادری کے باعث قلیل وقت میں پولیس ٹریننگ کالج کو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے اسے کلیئر کرنا اور وہاں سے بڑی تعداد میں ریکروٹس کو بحفاظت باہر نکالنا ممکن ہو سکا، وزیراعلیٰ نے خاص طور پر پاک فوج کے شہید کیپٹن روح اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے سول ہسپتال ، بولان میڈیکل کالج اور سی ایم ایچ کے ڈاکٹروں ، طبی عملہ اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سیکریٹری صحت کی کارکردگی کو بھی سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں کی ہمت اور حوصلے کو داد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے بڑے واقعہ کے باوجود بھی پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کا بھرپر عزم رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ گذشتہ شب دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے اور اس دوران صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب اور سیکریٹری صحت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال سے آگاہ رہے،دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سول ہسپتال جا کر پی ٹی سی کے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان سے ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ انہوں نے ایم ایس سول ہسپتال اور موقع پر موجود ڈاکٹروں سے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی فراہم کی جانے والی سہولتوں کی تفصیلات معلوم کیں، صوبائی وزراء رحمت صالح بلوچ، عبدالرحیم زیارتوال، سردار محمد اسلم بزنجو، میر مجیب الرحمان محمد حسنی، میر سرفراز بگٹی، سردار رضا محمد بڑیچ، عبیداللہ بابت، حاجی محمد خان لہڑی، اراکین صوبائی اسمبلی مجید خان اچکزئی، نصر اللہ زیرے ، سردار محمد صالح بھوتانی اور میر عاصم کرد گیلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ زخمی پولیس اہلکاروں سے وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تفصیلات بھی پوچھیں ، پولیس اہلکار وں نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے اپنے بھرپور عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنے فرائض کی ادائیگی جاری رکھیں گے۔ زخمیوں اور ان کے عزیز و اقارب نے علاج و معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔