|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2016

ہانگ کانگ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع دستیاب ہیں، وہ آئیں اور یہاں منفیعت بخش سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف ہانگ کانگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہانگ کانگ میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عبدالقادر میمن اوروائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے، جبکہ عشائیہ میں ہانگ کانگ کی پاکستانی بزنس کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے باعث بلوچستان کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جبکہ گوادر پورٹ کی فعالی سے خطے میں صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، گوادر صنعت کاری کے لیے موزوں خطہ بن چکا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی ذاتی توجہ کی بدولت گوادر میں فری ٹریڈ زون کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹیوں میں چھوٹ کے ایس آر اوز کا اجراء ہو چکا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے زیر اہتمام گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعت کاروں کو پلاٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی کوششوں، سیکورٹی فورسز کی انتھک محنت اور بلوچستان کے عوام کے تعاون سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی بدولت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے ساز گار اور دوستانہ ماحول پیدا ہوا ہے، جہاں سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہانگ کانگ کی پاکستانی بزنس کمیونٹی کو بلوچستان بالخصوص گوادر کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود آئیں اور گوادر اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور امکانات کا جائزہ لیں، صوبائی حکومت ان کے دورے کا اہتمام کرے گی، ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانیوں نے گوادر اور بلوچستان کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی جانب سے فراہم کی گئیں تفصیلات کو انتہائی جامع اور حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ بزنس کمیونٹی کا وفد جلد بلوچستان کا دورہ کرے گا۔