|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2017

برسبین: آسٹریلیا نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 269 رنز کا ہدف دیا ہے۔ برسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں پر 268 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پانچویں اوور میں محمد عامر نے وارنر کو 7 رنز پر کلین بولڈ کر دیا اور پھر اگلی ہی گیند پر عامر نے اسٹیون اسمتھ کو بھی وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ 52 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے سلو ڈلیوری پر جارح مزاج کرس لین کو آؤٹ کرا دیا جبکہ ٹریوس ہیڈ بھی 39 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گلین میکسویل نے 60 زنز کی اننگز کھیلی جب کہ میتھیو ویڈ نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آخری اوور کی آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، محمد عامر اور عماد وسیم نے 2، 2 جب کہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔