|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئررحمت اللہ بلوچ نے شدیدبرف باری کی وجہ سے ہزارگنجی میں گرنے والے 132KVٹرانسمیشن لائن کامعائنہ کیا اوروہاں کیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم آپریشن(GSO)اور گرڈسسٹم کنسٹرکشن(GSC) کے زیرانتظام بجلی بحالی کے کام کامعائنہ بھی کیا۔دورہ کے موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکے ہمراہ سپرنٹنڈنگ انجینئر(جی ایس او) صلاح الدین آغا، ایکسئن کرم بخش بادینی سمیت دیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر(کیسکو)انجینئررحمت اللہ بلوچ نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ 132KVٹرانسمیشن لائن کوہنگامی بنیادوں پرمکمل کرکے مستونگ، نوشکی اوردالبندین کوبجلی کی فراہمی جلد ازجلددوبارہ بحال کریں۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہرمیں بھی کچھ فیڈروں کی بجلی معطل ہونے کے سبب صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرنے شہر میں سپرنٹنڈنگ انجینئر(سینٹرل) سرکل کوئٹہ کے زیرنگرانی ایکسئن اورلائن سٹاف پرمشتمل 40ٹیمیں تشکیل دے دیں جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ وہ ٹیموں کو سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں ۔چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں برف باری کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائنوں پردرختوں کے گرنے سے نہ صرف بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں بلکہ ان سے کھمبوں اورٹرانسفارمرزکوبھی نقصان پہنچاجس کی وجہ سے متعلقہ کچھ علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی، انہوں نے کہاکہ شہرکے مختلف حصوں میں 60سے زائد کھمبے گرگئے تھے جنھیں کیسکوسٹاف نے ہنگامی بنیادوں پر دوبارہ نئے سرے سے نصب کردیاجن میں سے کچھ سے باقاعدہ طورپربجلی کی فراہمی بھی شروع کردی گئی ہے جبکہ متاثرہ کھمبوں کی وجہ سے کچھ علاقوں اور11KVفیڈروں سے فنی خرابی دورکرکے کل دوپہرتک بجلی فراہم کردی جائے گی۔