|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2017

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یو اے ای کے سفیر عیسیٰ عبداللہ نے ملاقات کی‘ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے پر یو اے ای کے سفیر عیسیٰ عبداللہ کے کردار کو سراہا اور فاٹا اور خیبر پختونخواہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں یو اے ای کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے افغانستان کے صوبہ قندھار میں بم دھماکوں میں یو اے ای کے شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یو اے ای کے سفیر عیسی عبداللہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و خوشحالی کیلئے پاکستان سے مل کر کام کرنا چاہتے ہین عیسیٰ عبداللہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا،دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی، ملاقات میں لائن آف کنٹرول سمیت ورکنگ بانڈری پر سیکورٹی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کے روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی جس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر سیکورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے آرمی چیف کا سیکورٹی کی بہتر صورتحال پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں پاک فوج نے تعلیم، صحت و دیگر شعبوں میں قابل قدر کام کیا جس پر آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام پاک آرمی کے مشکور ہیں، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج سرحد پار سے ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔