|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2016

میلبرن: پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ میلبرن میں کھیل کے پانچویں دن آسٹریلیا نے 465 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ 100 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ مچل اسٹارک نے کپتان کے ساتھ تیز رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا اور پاکستانی باؤلرز خصوصاً یاسر شاہ کی خوب خبر لی۔ دونوں کھلاڑیوں نے دن کے ابتدائی 26 اوورز میں 143 رنز جوڑ کر پاکستانی ٹیم کے ہاتھ پیر پھلا دیے۔ مچل اسٹارک نے تین چوکوں اور سات فلک بوس چھکوں کی مدد سے 91 گیندوں پر 84 رنز بنائے اور اسٹیون اسمتھ کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 154 رنز جوڑے۔ جب 624 کے اسکور پر ناتھن لایون آؤٹ ہوئے تو اسٹیون اسمتھ نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے 165 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 181 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم روایتی طور پر نروس نظر آئی اور تین رنز پر سمیع اسلم سے محروم ہو گئی۔ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد بابر اعظم بھی تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ اس موقع پر تجربہ کار یونس خان اور پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے اظہر علی نے تیسری وکٹ کیلئے 57 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پھر یونس اور مصباح الحق یکے بعد دیگرے ناتھن لایون وکٹیں دے کر پویلین چلتے بنے۔ اسد شفیق اور اظہر نے اسکور کو 89 تک پہنچایا ہی تھا کہ لایون نے اپنی ٹیم کو اک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے اسد کو وکٹ چھوڑنے پر مجبور کردیا۔ اس مشکل صورتحال میں پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اظہر 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد عامر بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور جیکسن برڈ کی تیز رفتار باؤلنگ کا نشانہ بنے۔ اس موقع پر پاکستان کی تمام تر امیدیں سرفراز احمد سے وابستہ تھیں لیکن وہ 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور جب مچل اسٹارک نے یاسر شاہ کی وکٹیں بکھیریں تو آسٹریلیا اننگز اور 18 رنز سے ڈرامائی فتح اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔