|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2017

لورالائی : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر واسا پی ایچ ای نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ دنیا ایک خوفناک جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے خصوصاً ہمارا خطہ کسی بھی نام سے عالمی قوتوں کے درمیان میدان جنگ بن سکتا ہے۔

ایسے حالات میں کسی سیاسی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، ہمیں ہمہ وقت بیدار اور ہوشیار رہنا ہوگا، تمام مسائل سیاست سے جڑے ہوئے ہیں۔

جمہوریت ایک اچھا نظام حکومت ہے، لیکن اس کا استعمال ذاتی مفادات بطور کاروبار کیا جائے تو خطرناک بھی ہے، جمہوریت میں عوام کو بھی درست انتخاب کرنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لورالائی کے دورہ کے دوران انجمن تاجران بلوچستان لورالائی کے صدر حاجی یعقوب شاہ کی رہائش گاہ پر اک عوامی جرگہ سے خطاب کے دوران کیا۔

اس جرگہ سے یعقوب شاہ کاکڑ نے بھی خطاب کیا، نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ قدیم دور میں جب حکومت نہیں ہوا کرتی تھی تو لڑائیاں قبائل کے درمیان ہوا کرتی تھیں جو قبیلہ زور ہوجاتا دوسرے کی جائیداد اور مال پر قابض ہو جاتا لیکن جدید دور میں حکومتوں کے قیام کیلئے اس جنگ کی شکل تبدیل ہو گئی ہے اور تلوار وبندوق کی جگہ کاغذ کی پرچی تبدیلی اور ترقی کا باعث بن گئی ہے۔

جمہوری نظام میں ووٹ کی پرچی اہمیت رکھتی ہے اور اسلحہ وبندوقوں سے زیادہ قوت بھی سیاست مقدس ہے اور عبادت کا درجہ رکھتی ہے، لیکن اگر اس کا غلط استعمال کیاجائے تو یہ تباہی وبربادی کا باعث بھی ہوسکتی ہے،

جو قومیں اپنی حالت بدلنے کاارادہ رکھتی ہیں اور کوشکرتی ہیں ان کی حالت تبدیل بھی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بدبختی سے عرصہ دراز سے پشتون عوام اور پشتونخوا وطن پر نامعلوم مقاصد کی جنگ مسلط کی گئی ہے، جس میں ہر لحاظ سے ہماری ہی بربادی ہوئی ہے، جس نے اب ملک اور خطے کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،

ایسے حالات میں پشتون لیڈر شپ کو سر جوڑ کر فیصلہ کرنا ہوگا، کب تک غیروں کے مقاصد کیلئے ہم استعمال ہوتے رہیں گے نہ صرف لورالائی بلکہ تمام پشتون علاقے گھمبیر مسائل سے دوچار ہیں۔

انہیں حل کرنا ہے، جدید دور میں وعدوں پر گزارانہیں کیا جاسکتا بلکہ سیاست میں ایمانداری اولین شرط ہونی چاہئے،

انہوں نے کہا کہ ہمیں لیڈر شپ کے انتخاب میں احتیاط سے کام لینا ہوگااور دیکھناہوگا کہ کون ہمارے بچوں کے مستقبل کی بات کرتاہے اور کون مخلص ایماندار ہے، کیونکہ سیاست میں لیڈر شپ کو ایماندار ووٹر کو انتخاب میں احتیاط کی ضرورت ہے ۔