|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2017

مانچسٹر: انگلینڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مایہ ناز فٹبالر وین رونی کو شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔

31 سالہ رونی کو بعد میں ضمانت پر رہا کردیا گیا اور 18 ستمبر کو اسٹاک پورٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

حال ہی میں ایورٹن کا حصہ بننے والے فٹبالر پر حد سے زیادہ الکہل استعمال کر کے ڈرائیونگ کرنے کا الزام ہے۔

چیشائر پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کو رات دو بجے کے قریب پولیس افسران نے کالے رنگ کی گاڑی روکی اور اس میں موجود رونی کو گرفتار کر لیا گیا جہاں انہیں بعدازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول اسکور کرنے کے ریکارڈ کے حامل رونی نے جولائی میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑتے ہوئے ایورٹن کلب کا حصہ بننے کا اعلان کردیا تھا۔

اس اعلان کے بعد اگست میں رونی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر دیا تھا۔