|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2017

بنگہ دیش میں موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی بس پر پتھر لگنے کے واقعے کے بعد ٹیم کی سکیورٹی کے انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔

پتھر لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب آسٹریلوی ٹیم چٹاگانگ میں جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد میدان سے واپس اپنے ہوٹل جا رہی تھی۔

پتھر لگنے سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق یہ ممکن ہے کہ پتھر کسی دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے بعد اڑ کر آسٹریلوی ٹیم کی بس پر لگا ہو لیکن آسٹریلوی حکام کے مطابق بنگلہ دیشی انتظامیہ اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل آسٹریلوی ٹیم نے بنگلہ دیش کا دورہ سکیورٹی خدشات کی بنی پر ملتوی کر دیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے کرکٹ ٹیم کو دورہ بنگلہ دیش میں ‘سربراہان مملکت’ کے درجے کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹیم کے سکیورٹی مینیجر شان کیرول نے کہا کہ وہ انتظامات سے مطمئن ہیں اور بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے اس واقعے کے بعد کیے جانے والے اقدامات سے خوش ہیں۔

دوسرے دن کے کھیل کے لیے آسٹریلیا کے ٹیم کو میدان جاتے ہوئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 305 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنائے تھے۔

سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔