|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2017

 لندن: شدت پسند تنظیم داعش نے برطانوی دارالحکومت میں زیرزمین ٹرین میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

داعش نے اپنی نیوز سروس اعماق پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہمارے جنگجو دستے نے لندن میٹرو کو نشانہ بنایا۔

دھماکے کے بعد برطانیہ بھر میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم تھریسا مے نے لندن کے اہم مقامات پر فوج تعینات کرنے کا حکم دے دیا جبکہ حکام نے مزید حملوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ برطانوی پولیس تاحال حملہ آور کو پکڑنے میں ناکام ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز لندن میں زیرزمین ٹرین میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بم دیسی ساختہ تھا جسے ایک ٹوکری میں چھپایا گیا تھا۔

حکام کے مطابق بم پوری طرح نہیں پھٹ سکا اور اگر ایسا ہوتا تو بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوتیں۔