|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

صنعاء: یمن میں مبینہ طور پر عرب عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں خواتین و بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی افراد اور حوثی باغیوں کا دعویٰ ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعاء میں سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے عرب عسکری اتحاد کے طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور دو خواتین سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق صنعاء سے 70 کلو میٹر دور ضلع حریب القرامش میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام مسافر مارے گئے۔ خیال رہے کہ حریب القرامش میں حوثی باغیوں کا قبضہ ہے جو گزشتہ تین برس سے دارالحکومت صنعاء اور ملک کے شمال مغربی علاقوں پر قابض ہیں۔

گزشتہ ماہ صنعاء کے قصبے ارہاب میں واقع ایک ہوٹل پر بھی فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ستمبر 2014 میں حوثی باغیوں نے صنعاء پر حملہ کر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی کی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے جواب میں سعودی عرب کی سربراہی میں عرب عسکری اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق فروری 2014 سے اب تک یمن میں 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔