|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2017

کوئٹہ : فیصل صالح حیات اور کیپٹن (ر) صفدر کی جنگ نے پاکستان کو فٹ بال سے دور کر دیا ہے۔ فیصل صالح حیات نے شریف برادران کو معطلی کا ذمہ قرار دیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات سے صدارت چھیننے کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد نے کوشش کی اور پی ایف ایف کے مقابلے میں پاکستان فٹ بال ایسوسی ایشن بنا ڈالی ۔فیصل صالح حیات نے سوشل میڈیامیں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پابند ی پاکستان میں فٹبال کے مستقبل پر اثر انداز ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر بنانے کیلئے اپنے میڈیا سیل کے ذریعے تما م ایجنسوں کو حکم دیا کہ 2015کے انتخابات میں کیپٹن (ر) صفدر کوجیتایا جائے لیکن ایسا نہ ہو سکا ۔

ان کا کہنا تھاکہ شریف خاندان صرف اپنے رشتہ داروں کو ہی بڑے پوزیشن پر مقرر کرنا چاہتے ہیں ۔

اور پوری قوم کو پتہ ہے کہ میں ان کا سیاسی حریف رہا ہوں اس لیے وہ مجھ کو اس عہدے سے ہٹانے کیلئے بہت کوشش کرتے رہے جب فیفا نے کیپٹن (ر) صفدر کو نااہل قرار دیا توشریف خاندان نے کچھ عہدے داروں کے ساتھ مل کر فٹبال ہاؤس لاہور پر قبضہ کر لیا اور لوگو ں کو مارا بھی گیا کیونکہ وہ خود صدر نہ بن سکے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ2015ء کے انتخابات فیفاکے قوانین کے مطابق ہوئے جس میں صدر منتخب ہوا ہوں اور میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ملک کی بدنامی نہ ہو۔ لیکن میری کوشش رنگ نہ لاسکی اور دو سال بعد فیفا نے پاکستان کو معطل کر دیا ہے ۔ جس کے ذمہ دار صرف اور صرف شریف برادران ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دونوں دھڑوں سے مذاکرات کے لئے فیفا کا ایک وفد اگست 2015 ء میں پاکستان آیا تھا لیکن کوئی حتمی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہے۔فیصل صالح حیات جون 2015 میں ہونے والے تیسری بار پی ایف ایف کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

مخالف فریق نے پی ایف ایف کے انتخابات کو متنازع قرار دیا اور یوں یہ معاملہ عدالت میں پہنچ گیا جو کہ فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی تھا۔ فیفا نے فیصل صالح حیات کو خط لکھ کر بتایا کہ اگر یہ ایڈمنسٹریٹر ہٹایا نہیں گیا تو پاکستان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

اس تناظر میں فیفا کے قوانین اس معاملے میں بڑے واضح ہیں لہٰذا اگر پی ایف ایف میں عدالتی حکم پر لگائے گئے ایڈمنسٹریٹر کو ہٹا کر مالی اور انتظامی معاملات منتخب ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیے جائیں تو ممکن ہے کہ فیفا پاکستان کی فٹ بال رکنیت کو بحال کردے گا۔

فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کے فیصلے تک پاکستان فٹ بال کے کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکتا۔ نہ ہی کسی ٹریننگ پروگرام میں حصہ لے سکتا ہے۔