|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2017

پاکستان فٹ بال ٹیم کے کوچ شہزاد انور نے کہا ہے کہ فیفا کی جانب سے معطلی کے بعد فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان کا سفر اب خطرے میں پڑگیا ہے۔

گزشتہ ڈھائی سالوں میں پاکستان فٹ بال کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بیان سے باہر ہے۔ ملکی فٹ بال کو نہ صرف تباہ کیا گیا بلکہ دنیا بھر میں اپنا مذاق اڑوایا گیا۔

ایسی صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان لایا جانا فیصل صالح حیات کی قابل تحسین کارنامہ تھا لیکن اب فیفا کی جانب سے پاکستانی فٹ بال کو معطل کئے جانے پر ورلڈ کپ ٹرافی شاید پاکستان نہ آسکے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں فٹ بال کی مایوس کن صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان میں لایا جانا ملک میں موجود لاکھوں شائقین فٹ بال کے لئے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کے مترادف تھا۔

فیصل صالح حیات کی ذاتی کاوشوں اور بین الاقوامی فٹ بال میں بہترین سفارتکاری کی بنیاد پر پاکستان کو ان پچاس ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جہاں پر اس ٹرافی کی رونمائی ہونا ہے،تاہم موجودہ صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ 2018روس کی ٹرافی کا پاکستان آنا خطرے میں پڑ گیا ہے۔

اس ایونٹ کو دنیا بھر کا میڈیا کور کرتا ہے جس سے اقوام عالم میں پاکستان کا دوستانہ امیج بنانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ سائوتھ ایشیاء میں پاکستان کے علاوہ بھارت سمیت کسی ملک کو اس ٹور کے لئے نہیں چنا گیا اور اگر پاکستان کی رکنیت معطل ہونے کی صورت میں پاکستان کو ان ممالک کی فہرست سے خارج کیا گیا تو دنیا بھر میں پاکستان کی مزید بدنامی ہو گی۔