|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2017

کوئٹہ:  پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے زیر حراست خواتین اور بچوں کی عزت و احترام کے ساتھ رہائی اور ان کی داد رسی کو سراہتے ہوئے اسے ایک احسن اور دوررس نتائج کا حامل اقدام قراردیاگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے جو کام کیا ہے وہ صوبہ کے بلوچ اور پشتون اعلیٰ قبائلی اور سماجی روایات کی عظیم پاسداری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری قبائلی روایات کے مطابق سخت ترین قبائلی جھگڑوں اور دشمنی میں بھی خواتین ا ور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خواتین اور بچوں کی رہائی ایک احسن اقدام اور مثبت قبائلی روایات کی پاسداری کی ایک اچھی مثال ہے جو کہ لائق تعریف ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کو باہمی رابطہ اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر صوبے کو بحران سے نکال کر یہاں امن وامان کا قیام ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔

پارٹی ترجمان نے کہا کہ ہماری مثبت قبائلی روایات بلوچ پشتون اقوام کا عظیم اثاثہ ہیں جس کو قائم رکھنا اور ان کا احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔