|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2017

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے درمیان اتحاد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی میں اتحاد کا امکان ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کے درمیان مشترکہ پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی زیر صدارت پارٹی کے اہم رہنماؤں کا اجلاس بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز میں ہوگا جس میں پی ایس پی سے اتحاد اور دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گئی۔ دوسری جانب پی ایس پی کے مرکز پاکستان ہاؤس میں مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں معاملے پر غور و فکر اور ایم کیو ایم سے اتحاد کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

آج شام 6 بجے کراچی پریس کلب میں فاروق ستار اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں پی ایس پی کی اعلیٰ قیادت بھی موجود ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتیں ایک نئے نام سے مشترکہ پلیٹ فارم بناکر 2018 کا الیکشن لڑ سکتی ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے نئی پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج کچھ ہونے جارہا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ کچھ نہ کچھ تو ہونا چاہئے۔ انہوں نے زیادہ گفتگو سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک تحریک ہے، ہم کراچی اور عوام کی بہتر خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کئی رہنماؤں کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی سے مفاہمت کی مخالفت کی گئی ہے۔ آج پریس کانفرنس میں پی ایس پی سے اتحاد کی مخالفت کرنے والا گروپ موجود نہیں ہوگا جب کہ پارٹی کے ڈپٹی کنوینر عامر خان بھی اس وقت پاکستان میں نہیں ہیں۔