|

وقتِ اشاعت :   November 11 – 2017

کو ئٹہ: ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر، ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے غیر معیاری ادویات سازی کے مقدمات میں نامزد 3ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام کے عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے بلکہ ریکٹ بینکرز فارماسیوٹیکل کمپنی کے بیرون ملک مقیم ڈائریکٹرشاہ زیب ملک کی پیشیوں سے استثنیٰ کی درخواست خارج کی ۔

اس کے علاوہ عدالت نے خلیل میڈیکل سٹور کے کوالیفائیڈ پرسن کی عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر فارمیسی کونسل بلوچستان کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے کہ وہ مذکورہ کوالیفائیڈ پرسن کی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کو منسوخ کرے ،گزشتہ روز غیر معیاری ادویات سازی سے متعلق کیسز کی ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں سماعت شروع ہوئی تو ریکٹ بینکرز کے کونسل نے عدالت کے روبرو درخواست گزاری کہ وہ ان کے بیرون ملک مقیم موکل کمپنی کے ڈائریکٹر شاہ زیب ملک کو کیس کی ۔

سماعت کے موقع پر پیش ہونے سے استثنیٰ دیں کیونکہ ان کے موکل امریکہ میں مقیم ہے لیکن عدالت نے ان کی درخواست استثنیٰ مسترد کردی اور ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔

اس کے علاوہ عدالت نے نیوٹرو بائیوٹیک فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد مختیار اور پروڈکشن انچارج وصی اللہ اور جی زی ہیلتھ فارما سیوٹیکل کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عمران کے بھی عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

عدالت نے خلیل میڈیکل سٹور کے کوالیفائیڈ پرسن کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر فارمیسی کونسل بلوچستان کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ متعلقہ کوالیفائیڈ پرسن کی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ منسوخ کرے عدالت نے خلیل میڈیکل سٹور کے مقدمہ میں نامزد ملزم کوبری کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔

اس کے علاوہ زینٹ میڈیکل سٹور کے مالک احسان اللہ کو اشتہاری قراردینے سے متعلق کارروائی کے احکامات دئیے بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔