|

وقتِ اشاعت :   November 11 – 2017

کوئٹہ :  انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ تاریخ بلوچستان پولیس کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے پولیس نے ہمیشہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے شہدا کبھی مرتے نہیں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا ۔

یہ بات انہوں نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حامد شکیل صابر کے بھائی اور شہید کے بیٹوں سے اظہار تعزیت کے موقع پر کہی۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا ہے کہ ہمارے آفیسران اور جوانوں کی قربانیا ں رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں ہمارے حوصلے بلندہیں ہمیں اپنی فرائض کی انجام دی سے کوئی نہیں روک سکتا عوام کے تحفظ اور امن وامان کی بہتری کے لئے قربانیاں دیں ہیں اور آئندہ بھی اپنی فرائض کی انجام دی اسی تسلسل سے ادا کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف صف اول میں رہینگے ۔

اس موقع پر انہوں نے شہید کے ایصال ثواب اور لواحقین کے لئے صبر استقامت کے لئے دُعاکی بعدازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان نے سو ل ہسپتال ٹراما سینٹر اور سی ایم ایچ میں خودکش دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کی ۔

اس موقع پرانہیں ڈاکٹروں نے زخمیوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے بریفینگ دی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایت کی زخمیوں کو علاج و معالجے کی تما م تر سہولیات مہیاکی جائیں۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے تمام زخمیوں کے علاج کے حوالے سے پوچھا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہا ر کیا ۔