|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2017

کوئٹہ: انسپکٹر جزل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کے آفیسران اور جوانوں نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا نے اور امن کے قیام کے لئے اپنی جانیں قربان کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے کیونکہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جا تا اور نہ ہی شہید کبھی مرتا ہے وہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے بلوچستان کی سر زمین شہداء کے خون سے رنگی ہوئی ہے ۔

شہداء کا رتبہ ملنے کے باوجود بلوچستان پولیس کا مورال بلند ہے اور رہے گا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے جدید خطور پر استوار کرنے کے لئے پاک فوج سے تربیت دی جا رہی ہے اور فورس کو جدید ہتھیاروں اور سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹیلی کمونیکشن وٹرانسپورٹ شہید حامد شکیل صابر ، اے ایس آئی محمد رمضان اور کانسٹیبل ڈرائیورجلیل احمد کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس اظہار خیال کر تے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالزاق چیمہ، ایڈیشنل آئی و ڈی آئی جی سی ٹی ڈی چوہدری منظور سرور، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزازا حمد گوریہ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ ریاض احمد گاڑا،اے آئی جی ڈویلپمنٹ ، وزیر خان ناصر، ڈی جی ہیڈ کوارٹر حبیب حسین امتیاز،ایس پی اسپیشل برانچ اسد خان ناصر، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نصیب اللہ ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن جواد طارق ، ایس پی سیکورٹی جاوید غرشین سمیت دیگر پولیس آفیسران اور جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے بلوچستان جو کہ وسیع رقبے پر محیط صوبہ ہے جہاں پر آبادی پھیلی ہوئی ہے اور زیادہ تر علاقہ لیویز کے کنٹرول میں ہے پولیس جن علاقوں میں موجود ہے اس کے علاوہ بلوچستان کے طول وعرض میں قیام امن کو یقینی بنا نے اور ملک دشمن عناصر کے علاوہ جرائم پیشہ ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔

بلوچستان کے طول وعرض میں پھیلی ہوئی دہشت گردی اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو ان کومنطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پولیس کو جدید اسلحہ، ساز وسامان اور وسائل کی فراہمی کے علاوہ پولیس کے جوانوں کو پاک فوج سے دہشت گردی سے نمٹنے کی جدید تربیت فراہم کی جار ہی ہے تاکہ پولیس کے جوان اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بناتے ہوئے امن کے قیام کے لئے ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کر سکے ۔

دہشت گردی کے خاتمے میں پولیس کے آفیسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر ہر موقع پر فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے ان کا سامنا کیا اور شہادت کا رتبہ پایا ہے کیونکہ بحیثیت مسلمان شہید کبھی بھی مرتا نہیں کیونکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ۔شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ہم شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔

انہوں نے ڈی آئی جی حامد شکیل صابر اور دیگر ساتھیوں کی شہادت پر دلی رنج وغم کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ آج پولیس کا محکمہ ایک قابل، ہونہار اور با صلاحیت پولیس آفیسر سے محروم ہو چکا ہے لیکن ہم ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

اس واقعہ میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اس موقع پر دیگر پولیس آفیسران اور جوانوں نے بھی اظہار خیال کیا اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔