|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2017

کوئٹہ ،چمن: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتون عوام کو مزید دھوکہ نہیں دیا جاسکتا وہ اب اصل اور نقل کا فرق جان چکے ہیں اور سمجھ چکے ہیں کہ کون پشتونوں کے لئے قربانیاں دے کر ان کے حقوق کا جھنڈا بلند کرتا ہے اور کون اسلام و پشتونولی کے نام پر ذاتی مفادات حاصل کرتا ہے ۔

پشتونوں کی نمائندگی عوامی نیشنل پارٹی کے سوا کسی جماعت کے بس کی بات نہیں ، پشتون عوام اپنے محبوب قائد اسفند یار ولی خان کے پیچھے قافلہ باچاخان میں شامل ہو کر پشتون حقوق کے حصول کو یقینی بنائیں ۔ 

ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،صوبائی سینئر نائب صدر ارباب عمر فاروق کاسی ،نائب صدر اصغرعلی ترین ، عبیداللہ عابد،ضلعی صدر اسدخان اچکزئی،جمال الدین رشتیا، جاوید خان کاکڑ،گل باران افغان،صادق صدا،عبدالرزاق بابو، حاجی نعمت اللہ خا ن و دیگر نے گزشتہ روز ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقوں حلقہ روغانی اور حلقہ ٹاکئی میں ورکرز کنونشن اور اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ 

اس موقع پر پارٹی کے زیراہتمام13نومبر کے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اطمینان کااظہار کیا گیا کہ پشتون عوام اپنے محبوب قائد ملی مشر اسفندیار ولی خان اور دیگر قائدین پر بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہیں اور یہ بات جان چکے ہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی ہی ان کی قومی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کے لئے نہ صرف آواز بلند کی بلکہ کسی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو آج جن مسائل کا سامنا ہے ہمارے قائدین نے بہت پہلے اس کا اندازہ لگالیا تھا او ر خبر دار کیا تھا کہ پشتونوں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔

آج بھی ہم یہی کہتے ہیں کہ اگر پشتون چاہتے ہیں کہ ان مسائل سے نجات حاصل کریں اور باعزت زندگی بسر کریں تو اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ مکمل اتفاق و اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں فخر افغان باچاخان کے قافلے میں شامل ہو کر پشتون اپنی قومی قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں ۔

انشاء اللہ ہم پشتونوں کو مایوس نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو اب تک بار بار دھوکہ دیا جاتا رہا ہے چند لوگوں نے مذہب کے مقدس نام کو استعمال کرکے پشتونوں کو دھوکہ دیا اور چند لوگوں نے پشتونولی کے سچے جذبات سے کھیل کر اقتدار تک رسائی حاصل کی مگر افسوس ہے کہ اقتدار تک پہنچنے کے بعد وہ سب کچھ بھول چکے ہیں اور آج پشتونوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتون اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنے فرائض ادا کرتے ہیں مگرانہیں باعزت شہری تسلیم نہیں کیا جارہا جس کی ساری ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے ۔

جو پشتونوں کے نام پر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچتے ہیں اور پھر پشتونوں کو بھول کر اپنے ذاتی اور گروہی مفادات کی تکمیل کرتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پشتونوں ان کی پہچان کریں پشتونوں کو اب اصل اورنقل کی پہچان ہوچکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ جوق در جوق باچاخان کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کل (13نومبر کو)کو چمن میں عظیم الشان جلسہ منعقد ہورہا ہے جس سے ملی مشر اسفندیار ولی خان خصوصی خطاب کریں گے کارکن جلسے میں بروقت اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔ 

دریں اثناء اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پارٹی کے قائدین آج بوستان کہول چمن میں اولسی جرگے میں شرکت کریں گے اور پارٹی کارکنوں و عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔