|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2017

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مختلف حادثات کے دوران سرکاری آفیسر سمیت 4 افراد جاں بحق 5 خواتین 2 سیکورٹی سمیت 29 افراد زخمی ہو گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا لاشیں ضروری کار روائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں ۔

یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ سے کراچی جانیوالی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر کوچ بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر مستونگ کے علاقے میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو مسافر احسن نصیر اور زاہد موقع پر جاں بحق جبکہ 5 خواتین زلیخا بی بی ، بشریٰ بی بی ، عاصیہ بی بی، ارم بی بی، حفصہ بی بی جبکہ اعزاز شاہنواز ، عبدالحمید، سردار محمد، عبداللہ، محمد عمران، عبدالمجید، غیاث اللہ، محمد شفیق، سعید احمد، زاہد احمد سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے ۔

حادثہ کی طلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو سول سنڈیمن ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا سول ہسپتال کے ترجمان کے مطابق11 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے فارغ کر دیا گیا جبکہ11 مریض تا حال ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے ۔

اسی طرح بلوچستان کے صحت افزاء مقام زیارت میں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پی ایچ ای زیارت کے ایس ڈی او اسرار جمالی موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد صاحب خان، حبیب خان اور احسان اللہ زخمی ہو گئے۔

اسی طرح شیخ واصل کے علاقے میں تیز رفتار مزدا ٹرک اور ٹریکٹر میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ2 زخمی ہو گئے

اس کے علاوہ منگوچر کے علاقے خالق آباد میں تیز رفتار کوچ کی لیویز چیک پوسٹ کو ٹکر سے وہاں پر موجود دو اہلکار زخمی ہو گئے

لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا لاشیں مزید کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں مزید کا رروائی متعلقہ انتظامیہ کر رہی ہے۔