|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2017

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو نے بد عنوانی کے الزام میں گرفتار سابق مشیر خزانہ میر خالدلانگو کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے فیصلے کواحتساب کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

صوبائی حکومت کے انتظامی فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جائے گی۔

محکمہ بلدیات اور محکمہ خزانہ کے فنڈز میں اربوں روپے خورد برد کے الزام میں گرفتار سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کے گھر کو31اکتوبر کو محکمہ داخلہ بلوچستان نے سب جیل قرار دیا تھا ۔

جس کے بعد خالد لانگو کو سب جیل قرار دیئے گئے سول ہسپتال کوئٹہ کے وی آئی پی روم سے اپنے گھر منتقل کردیاگیا تھا۔ اس فیصلے پر نیب نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔

نیب ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے بلوچستان حکومت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

چیئرمین نیب کی خصوصی عدالت پر بلوچستان حکومت کے اقدام کو آئینی درخواست کے ذریعے بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائیگااور اس سلسلے میں آئینی درخواست کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے۔

آئینی درخواست میں عدالت سے استدعا کی جائیگی کہ سابق مشیر خزانہ میگا کرپشن کیس کا مبینہ ملزم ہے جس کو صوبائی حکومت غیر ضروری سہولیات فراہم کر کے احتساب کی راہ میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیداکر رہی ہے ۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے دی گئی غیر ضروری مراعات اور سہولیات کو فی الفور ختم کیا جائے۔