|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2017

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے صحت افزاء مقام زیارت، ہرنائی، لورالائی میں موسم سرما کی پہلی برفباری پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی صوبے کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا عوام اور زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

گزشتہ شب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس میں صوبے کے صحت افزاء مقام زیارت، ہرنائی اور لورالائی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں نوکنڈی، چاغی ، دالبندین ، تفتان، قلات ،سبی، مستونگ، چمن ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب سمیت علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم سرد ہو گیا زیارت میں تا حال برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔

سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

دکانداروں نے سوختنی لکڑی اور ایل پی جی گیس سمیت مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے من مانے دام وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں یاد رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے طول وعرض میں کئی ماہ کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش اوربرفباری ہوئی ہے جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

اس کے علاوہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام نے بارش کے لئے نماز استسقا ء ادا کی اور اپنے گناہوں کی معافی ما نگ کر اپنے حضور اللہ تعالیٰ سے رحمت کی بارش کی دعا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم اے آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں رابطے ہے ۔

اسی طرح ڈپٹی کمشنر زیارت اور ملحقہ علاقوں میں برفباری اور بارش کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کیا ہے تاکہ کسی بھی نا گہانی صورت میں ان کنٹرول روم سے عوام رابطہ کر کے اپنی مشکلات کو کم کر سکتے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔

بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں آسمانی بجلی گرنے سے2 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں سارنگانی میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پورے صوبے کی طرح کوہلو میں بھی ابر رحمت جم کر برسی ۔لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی، موسم خوشگوار، پیر کے روز ہی وادی کوہلو کو بادلوں نے گھیرے میں لے کر ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ۔

بادلوں کو دیکھ کر بارش کے ترسے لوگوں خاص کر مالدار اور زمینداروں میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی۔

شام ہوتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ کالی گھٹائیں خوب گرجیں ،اور گرج چمک کے ساتھ ماسم سرما کی پہلی موسلادھار بارش شروع ہوئی جس موسم کافی خوشگوار ہوا،نوکنڈی سمیت ضلع چاغی کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

سیندک،تفتان،نوکنڈی،دالبندین ،چاگئے ،برابچہ،چارسر میں گرج چمک کیساتھ زبردست بارش ہوئی جس سے زمینداروں اور مالداروں سمیت عام لوگوں کی خوشیوں کی کوئی ٹھکانہ نہیں ہیں کیونکہ ماہ نومبر کے بارشیں اس بات کی نوید ہے کہ امسال خشک سالی کے خاتمہ ہوکر آباد سال ثابت ہوگا،

سموار کے دن بھی ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ تفتان میں آسمانی بجلی گرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوئی ہے۔

اوستہ محمد اور اس کے ارد گرد کیٹل فارم ، گنداخہ ،روجھا ن جمالی کے علا قوں میں ہلکی ہلکی بارش موسم خوشگوارہو گیا سردی لہر نے شہریوں کو گرم کپڑے اور سوئیٹر لینے پر بھی مجبور کر دیا جبکہ شہر میں یخنی اور سجی کی مانگ میں بھی اضا فہ ہوگیا،موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ ہواہے ۔

سجاوی اور گردنواح میں کافی عرصے سے خشک سالی کے باعث باغات خشک اور پینے کا پانی بھی ناپید ہو گئے تھے تاہم آج صبح سے ہلکی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔جوکہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

بارش ہو تے ہی لوگوں کے چہرے خوشی سے کیل اُٹھے۔لوگوں نے شکرنے کے نوافل بھی ادا کئے۔برفباری کا سلسلہ سڑی،چوتیر ،شیرین اور نشپہ کے پہاڑوں پر ہوئی ہے۔میدانی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی ۔

سنجاوی بازار میں برساتی نالوں کی پانی شہر میں داخل ہونے سے پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سبی اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں گرج وچمک کے ساتھ موسلادار بارش ہوئی ہے ۔

بارش کے باعث سبی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی سبی میں موسم سرماکی پہلی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لہڑی بختیار آباد اور گردونواح کے علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہو ئی بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا ۔