|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے غیر رجسٹرڈ ادویات سازی کا جرم ثابت ہونے پر ہٹ نیچرل فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عابد محمود گیلانی اور آصف محمود شاہ کو جرم ثابت ہونے پر ایک ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔

غیر معیاری اور ان رجسٹرڈ ادویات سازی کے الزام میں ڈرگ فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے 4منیجنگ پارٹنرزاور فارما سرو کے پرائیویٹ لمیٹڈ کے کوارڈینیٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔

ڈرگ کورٹ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے کہ وہ ڈرگ فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔محکمہ صحت کی جانب سے مقدمات کی پیروی سید اعجاز آغا نے کی ۔

گزشتہ روز غیر معیاری اور بلالائسنس ادویات سازی اور اس کی خرید فروخت سے متعلق کیسز کی سماعت شروع ہوئی تو ڈرگ کورٹ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر نے ہٹ نیچرل فارماسیوٹیکل کمپنی کے سید عابد گیلانی اور آصف محمود شاہ کو ان رجسٹرڈ ادویات سازی کا جرم ثابت ہونے پر ایک ایک سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ،عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزما ن کو مزید ایک ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔

مذکورہ دونوں ملزمان ضمانت پرتھے جنہیں سزا سنائے جانے کے بعد حراست میں لیکر ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقل کردیاگیا ،عدالت نے ڈرگ فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنرز محمد شعیب ،گلشن بٹ ،عبدالجبار اور طاہر نواز کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے بلکہ مذکورہ کمپنی کے لائسنس منسوخی کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو بذریعہ مراسلہ احکامات بھی جاری کئے ۔

عدالت نے فارما سرو پرائیویٹ لمیٹڈ کے کوارڈینیٹر انور خان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سی سی پی او فیصل آباد کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

ڈرگ کورٹ نے بلال میڈیکل سٹور کے حزب اللہ اور عرفان میڈیکل سٹور کے محمد عرفان اور لاثانی ٹریڈرز کے مالک عبدالعابد کو اشتہاری قراردینے سے متعلق کارروائی کا حکم دیا بلکہ عدالت نے نیو کمپلیکس اینڈ کلینک کیس میں عبدالوہاب کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔