|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2017

کوئٹہ: ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں پولیس کا دوسرا آفیسر قتل۔ بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد پولیس آفیسران اور ان کے اہلخانہ تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ کوئٹہ میں پولیس آفیسران پر مسلسل حملے ہورہے ہیں۔ 

قائمقام ایس پی محمد الیاس کی خاندان کے افراد سمیت شہادت کے واقعہ سے صرف چھ دن قبل چمن ہاؤسنگ اسکیم کوئٹہ میں ڈی آئی جی حامد شکیل دو اہلکاروں کے ہمراہ خودکش حملے میں شہید ہوئے۔ 

صوبے میں رواں سال پولیس کے سات آفیسران سمیت بیالیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں شہید ہوچکے ہیں۔اس سے پہلے اکتوبر میں سی ٹی ڈی انسپکٹر عبدالسلام بنگلزئی، جولائی میں ایس ایس پی قلعہ عبداللہ ساجد مہمند، ایس پی قائدآباد کوئٹہ مبارک شاہ اور ان کے تین محافظ، مئی میں ڈی ایس پی عمر الرحمان کو بھی بم دھماکوں اور فائرنگ میں شہید کیاجاچکا ہے۔ 

پولیس آفیسران پر بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد ان کے اہلخانہ بھی تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے پولیس آفیسران کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔