|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2017

ریاض: سعودی شاہ سلمان کا بیٹے کے حق میں تخت سے دستبرداری کا امکان ہے اوروہ اگلے ہفتے ولی عہد محمد بن سلمان کو بادشاہت کی ذمہ داریاں سونپ سکتے ہیں۔

برطانوی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ سعودی بادشاہ اگلے ہفتے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بادشاہت کی ذمہ داریاں سونپ دیں گے۔ 81 سالہ سعودی فرمانروا اپنے پاس صرف خادم الحرمین شریفین کی ذمہ داریاں رکھیں گے۔

برطانوی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ بادشاہت کی تاج پوشی کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان مشرقی وسطی میں ایران اورلبنان کی طرف اپنی پوری توجہ مبذول کرلیں گے اوراگرضرورت پڑی تو جنگ کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

دو ہفتے قبل ہی کرپشن اورمنی لانڈرنگ کے خلاف ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نے  بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 11 شہزادوں اور 4 وزرا سمیت درجنوں اہم شخصیات کو گرفتار کرلیا تھا جن میں شہزادہ ولید بن طلال بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ 5 ماہ قبل ہی سعودی عرب کے شاہ سلمان نے موجودہ ولی عہد 57 سالہ شہزادہ محمد بن نائف کی جگہ اپنے 31 سالہ بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنا نیا ولی عہد مقررکردیا تھا۔