|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2017

اسلام آباد : سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔ 

اجلاس کے دوران7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین ہوں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔ 

اس تقریب میں مختلف سرکاری اداروں کے 700 افسران شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسی روز صوبائی سطح پر چاروں گورنر ہاؤسز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے مہمان خصوصی متعلقہ صوبے کے گورنر ہوں گے۔ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز بھی اپنے خطاب میں 2018ء کے انتخابات کے حوالے سے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

اس کے علاوہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ووٹر آگاہی واک ہوگی جس میں میڈیا، سول سوسائٹی، خواتین تنظیمیں اور عوام شریک ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایت کی کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جائیں۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ اضلاع کی سطح پر انتخابی فہرستوں کے کمپیوٹرائزڈ اندراج کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ بلوچستان میں یہ کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

دسمبر میں ملک کے تمام اضلاع اور فاٹا میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی ڈیٹا فیڈنگ کا نظام مکمل ہو جائے گا جس سے ضلعی الیکشن کمشنر کے ضلعی دفاتر میں نئے ووٹرز کا اندراج آسانی سے ہوگا۔ 

اس سے عوام کو سہولت مل جائے گی۔ پہلے یہ نادرا کے ضلعی دفاتر میں سہولت تھی، اب ووٹر اندراج جلد ہوگا۔ اجلاس کے دوران نومبر کے آخر میں 7 لاکھ پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ وار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن کے لیڈ ٹرینرز کی ٹریننگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 2500 ماسٹر ٹرینرز کی تربیت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام پولنگ عملے کی تربیت ہوگی۔ پولنگ عملے کی ٹریننگ کے تمام مرحلوں کو مئی 2018ء میں مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں پر اہم اجلاس اور اس کے انتظامات کے لئے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کو الیکشن کمیشن میں بلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے ملک کے 79 اضلاع میں خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے شناختی کارڈ کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں ان خواتین کو ووٹر لسٹوں میں درج کیا جائے گا۔ دسمبر سے یہ مہم شروع ہوگی جس کا افتتاح چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خود کریں گے۔

2018ء انتخابات سے پہلے تمام خواتین کو انتخابی فہرستوں میں بطور ووٹر اندراج یقینی بنایا جائے گا۔ خواتین اور مردوں کے فرق کو ختم کیا جائے گا۔ نادرا کی موبائل وینز کو ان تمام اضلاع میں بھیجا جائے گا جہاں خواتین کا تناسب مرد ووٹروں کے مقابلے میں کم ہے۔